پہاڑی شریف کے قریب تبلیغی جماعت کے اجتماع کی تیاریاں

آر سی کنتیا اور محمد علی شبیر کی ذمہ داروں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 5۔ مارچ (سیاست نیوز) پہاڑی شریف کے قریب تبلیغی جماعت کے اجتماع کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے۔ حلقہ اسمبلی مہیشورم کے تحت اس علاقہ میں 4 ، 5 اور 6 اپریل کو سہ روزہ اجتماع منعقد ہوگا جس میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے ۔ تبلیغی جماعت کے ذمہ دار اور کارکن تیاریوں کے سلسلہ میں دن رات مصروف ہیں۔ اسی دوران کانگریس پارٹی 9 مارچ کو راہول گاندھی کے جلسہ عام کیلئے اس اراضی کو استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس سلسلہ میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا، قانون ساز کونسل میں فلور لیڈر محمد علی شبیر ، ارکان اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی ، سدھیر ریڈی اور دوسروں نے اراضی کا معائنہ کیا اور تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں سے بات چیت کی ۔ ذمہ داروں نے جلسہ عام کے لئے اراضی کے استعمال کی اجازت دینے سے اتفاق کرلیا ۔ کانگریس قائدین نے جماعت کے ذمہ دار کی دعائیں حاصل کی اور درخواست کی کہ ملک میں سیکولر طاقتوں کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کریں۔ ملک کے موجودہ حالات میں کانگریس کی زیر قیادت سیکولر طاقتوں کی مرکز میں کامیابی ضروری ہے۔