نئی دہلی 30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) رعایتی پکوان گیس سلینڈرکی قیمت میں آج اضافہ کیا گیا ۔ یہ اضافہ 2.89 روپئے کا ہے اس طرح اب رعایتی پکوان گیس سلینڈر کی قیمت 502.4 روپئے ہوگئی ہے ۔ غیر سبسڈی والے پکوان گیس کی قیمت دہلی میں 59 روپئے بڑھائی گئی ہے ۔ اس کا اطلاق یکم اکٹوبر سے ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قیمتوں اور بیرونی زر مبادلہ کی شرحوں میں تبدیلی کو دیکھتے ہوئے یہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ انڈین آئیل کارپوریشن نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔ سبسڈی والے گیس سلینڈر کی قیمت میں جو اضافہ کیا گیا ہے وہ 2.89 روپئے کا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سبسڈی والے گیس سلینڈر پر صارفین کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جانے والی سبسڈی اب 376.60 روپئے ہوگی ۔ اس طرح سبسڈی والے صارفین پر بوجھ کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔