آدھار کارڈ اور بینک اکاونٹس کی ضرورت نہیں ، ڈیلرس کو احکام جاری
حیدرآباد۔/28فبروری، ( سیاست نیوز) پکوان گیس صارفین کو اب گیس صرف 479.50 روپئے میں ہی حاصل ہوگی۔ حکومت نے آدھار کارڈ اور بینک اکاؤنٹس سے منسلک جو سبسیڈی اسکیم شروع کی تھی اس سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے آج ایل پی جی ڈیلرس کو احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔پکوان گیس صارفین کو مرکزی حکومت نے سال میں 12سلینڈر رعایتی قیمت پر دینے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ اب تک اضافی شدہ قیمت میں خریدے جارہے تھے اور سبسیڈی کی رقم اکاؤنٹ میں منتقل کی جارہی تھی جس میں ہونے والی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے پکوان گیس کو جس طرح آدھار کارڈ سے منسلک کیا گیا تھا اسے ختم کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں عدالت نے بھی احکام جاری کئے تھے۔ عدالتی احکامات کے بعد سبسیڈی کی رقم کی اجرائی کے مسئلہ پر حکومت غور کررہی تھی اور اب یہ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ حسب سابق سبسیڈی کی رقم ایل پی جی ڈیلرس کو جاری کی جائے گی۔ فی الحال پکوان گیس کے گھریلو سلینڈر کی قیمت 1220روپئے 50پیسے ہے جس میں 741روپئے کی سبسیڈی حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی ہے۔
اس طرح صارفین کو اب یہ سلینڈر 479.50روپئے میں حاصل ہوگا۔ سرکاری احکامات کی اجرائی کے سلسلہ میں پٹرولیم کمپنیوں کی اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ حکومت نے پٹرولیم کمپنیوں کو جاری کردہ سرکیولر میں اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ جن لوگوں کو سبسیڈی کی رقم تاحال موصول نہیں ہوئی ہے انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے چونکہ حکومت جن کی سبسیڈی کے بقایا جات ہیں وہ ان کے اکاؤنٹ میں ہی روانہ کرے گی۔ اب آئندہ جو سلینڈر خریدے جائیں گے وہ رعایتی قیمت میں ہی خریدے جائیں چونکہ اب تک کے بقایا جات کی ادائیگی راست صارفین کے اکاؤنٹ میں ہوگی جبکہ اس ماہ سے سبسیڈی کی رقم ایل پی جی ڈیلرس کے اکاؤنٹ میں پہنچائی جائے گی۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب حکومت نے ایل پی جی سلینڈر اور اکاؤنٹ کو جس انداز سے منسلک کیا گیا تھا اسے بھی برقرار رکھے گی تاکہ مستقبل میں بہتر نظم کے ساتھ اس اسکیم کو دوبارہ رائج کیا جاسکے۔