پچوری آئی پی سی سی صدر کے عہدہ سے مستعفی

نیروبی/ نئی دہلی۔ 24۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنسی ہراسانی کے الزام پر بددل آر کے پچوری نے آج اقوام متحدہ کے باوقار بین حکومتی پیانل برائے تبدیلیٔ ماحولیات (آئی پی سی سی) کی صدارت کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ اُنھوں نے اپنے استعفیٰ کی کوئی وجہ ظاہر نہیں کی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے اس پیانل کی میٹنگ میں شرکت سے بھی احتراز کیا۔ ہندوستان میں ان کی قیادت والی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) ’TERI ‘ نے بھی اعلان کیا کہ پچوری فی الحال رخصت پر چلے گئے لیکن انہوں نے اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔ پچوری کو ایک خاتون اسٹاف ممبر کی شکایت کا سامنا ہے جو دہلی پولیس میں درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سکریٹری جنرل بانکی مون کو موسومہ مکتوب میں کہا کہ وہ آئی پی سی سی کی صدارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ وہ اس منصب پر 13 سال فائز رہے اور ان کی میعاد کی تکمیل کو محض چند ماہ باقی رہ گئے تھے۔ 74 سالہ پچوری جنہیں 2007 ء میں سابق امریکی نائب صدر الگور کے ساتھ مشترکہ طور پر نوبل انعام حاصل ہوا تھا، ان پر ہندوستان کی این جی او کے خاتون ملازم نے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کئے ہیں۔ پچوی کے فیصلے کا آج آئی پی سی سی کے جاریہ سیشن میں اعلان کیا گیا ۔