پٹ سن تھیلوں میں اناج اور شکر کی پیکنگ کا لزوم

نئی دہلی۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کابینی کمیٹی برائے اقتصادی امور نے اختتام سال جون 2018ء تک تمام اجناس اور شکر سے تیار کی جانے والی اشیاء کی پٹ سن کے تھیلوں میں پیکنگ کو لازمی قرار دی ہے۔ یہ اقدام پٹ سن کے شعبہ کی بقاء کو پائیدار بنانے سے متعلق بنیادی مطالبہ کی تکمیل میں مدد کرسکتا ہے۔ نیز ملک کی ترقی اور شمال مشرقی ریاستوں بالخصوص مغربی بنگال، بہار، اڈیشہ، آسام اور آندھراپردیش کے ان کسانوں اور محنت کشوں کی زندگی کی گزربسر میں مددگار ثابت ہوگا جو اپنی آمدنی کے لیے پٹ سن کے شعبہ پر انحصار کرتے ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’کابینی کمیٹی برائے اقتصادی امور نے پٹ سن پیکیجنگ میٹرئیل قانون 1987ء کے تحت پیکیجنگ کے ضابطوں کے لزوم میں توسیع کی ہے۔‘‘ اس فیصلہ کے ذریعہ پٹ سن کے تھیلوں میں اناج کی پیکیجنگ کے 100 فیصد لزوم کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پٹ سن کے تھیلوں کی دستیابی کی شرط پر تمام اقسام کے اجناس کی ان تھیلوں میں پیکنگ کی جائے۔ پٹ سن کی صنعت زیادہ تر حکومت پر انحصار کرتی ہے جو (حکومت) ہر سال زائد از 5,500 کروڑ روپئے مالیتی پٹ سن کے اشیاء خریدا کرتی ہے۔