پٹنہ میں مودی کے جلسہ میں بم دھماکے مقدمہ 11 افراد کیخلاف فرد جرم پیش

پٹنہ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی محکمہ (این آئی اے) کی خصوصی عدالت میں آج 11 ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کردیا گیا ہے۔ یہ تمام افراد انڈین مجاہدین اور سیمی کے مشتبہ ارکان ہیں۔ وزیراعظم (اُس وقت کے چیف منسٹر گجرات) نریندر مودی کے گاندھی میدان پٹنہ میں 27 اکٹوبر 2013 ء کو جلسہ عام میں بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔ فرد جرم عائد کرنے سے استغاثہ کی جانب سے مقدمہ میں ملزم قرار دینے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ این آئی اے کے خصوصی جج انیل کمار سنگھ نے استغاثہ کو ہدایت دی کہ 19 جنوری سے گواہوں کو پیش کرنا شروع کردیا جائے۔ الزامات میں قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات بھی شامل ہیں۔ اِن کے علاوہ دیگر الزامات بھی ہیں جو اتنے سنگین نہیں ہیں۔