نئی دہلی 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے پیش نظر آج ملک میں پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 2.42 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 2.25 روپئے کی کمی کی گئی ہے ۔ نئی شرحوں پر منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب 12 بجے سے عمل ہوگا ۔ چونکہ بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور یہ قیمتیں فی بیاریل 50 ڈالرس سے بھی کم ہوگئی ہیں ،اس لئے سرکاری تیل کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اب نئی شرحوں کے مطابق دہلی میں صارفین کیلئے پٹرول فی لیٹر 56.49 روپئے فی لیٹر ہوجائیگا اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 46.01 روپئے فی لیٹر ہوجائیگی ۔ دہلی میں فی الحال پٹرول فی لیٹر 58.91 روپئے اور ڈیزل 48.26 روپئے فی لیٹر ہے ۔ انڈین آئیل کارپوریشن کے بموجب بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کو دیکھتے ہوئے اندرون ملک بھی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کارپوریشن نے کہا کہ چلر فروشی کی قیمتوں کو مارکٹ کے اعتبار سے کم کیا گیا ہے ۔ 16 جنوری کو تیل کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اتنی ہی کمی کی تھی ۔