وزیراعظم مودی کے اچھے دن کا وعدہ کیا یہی ہے ؟
ممبئی ۔29 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ پر شیوسینا نے آج اپنی سینئر اتحادی جماعت بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی کو چاہئے کہ وہ شہریوں کو ایک آسان زندگی گذارنے کو یقینی بنائیں۔ اگر وہ شہریوں کے لئے اچھے دن نہیں لاسکتی ہے تو کم از کم ان کے موجودہ دنوں کو خراب نہ کریں۔ شیوسینا نے دعویٰ کیا کہ پٹرول پمپوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر آویزاں کرتے ہوئے این ڈی اے حکومت کے دوران پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی تفصیلات درج کریں ۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 78 روپئے سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 69 روپئے فی لیٹر ہے ۔ 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے مہم چلاتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ’’اچھے دن ‘‘ کا نعرہ لگایا تھا لیکن یہ حکومت پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پر قابو پانے میں ناکام ہے ۔ قیمتیں حالیہ دنوں میں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ مرکز کی مداخلت کے باوجود بھی وہ پٹرول کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔ دن بہ دن عوام کے چہروں سے اُداسی کے آثار نظر آرہے ہیں ۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان اخبار سامنا میں ایڈیٹوریل لکھتے ہوئے کہا کہ حکومت کو یہ وضاحت کرنی چاہئے کہ اس نے پٹرول کو جی ایس ٹی کے تحت کیوں نہیں لایا ہے ؟