پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپیہ کمی کا امکان

نئی دہلی ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جاریہ ہفتہ کے ختم تک ایک روپیہ فی لیٹر کمی کا امکان ہے کیونکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں گراوٹ آئی ہے۔ سرکاری تیل کی کمپنیاں انڈین آئیل کارپوریشن، بھارت پٹرولیم کارپوریشن اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن ہر پندرہ دن میں ایک مرتبہ قیمتوں پر نظرثانی کی سرکاری پالیسی پر عمل کررہی ہیں۔ اس طریقہ کار کے مطابق ہفتہ کو نظرثانی کی جائے گی۔ صنعتی ذرائع کا کہنا ہیکہ تیل کی قیمت میں گراوٹ کا بین الاقوامی رجحان یونہی برقرار رہنے کی صورت میں قیمت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔ اس سے پہلے یکم ؍ نومبر کو پٹرول کی قیمت میں 2.41 روپئے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ اسی دن ڈیزل کی قیمت میں بھی 2.25 روپئے فی لیٹر کمی کی گئی۔ دہلی میں اس وقت پٹرول کی قیمت 64.25 روپئے فی لیٹر ہے۔ اگست سے اب تک پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 9.36 روپئے فی لیٹر کمی کی ہوئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں پانچ سال سے زائد عرصہ بعد پہلی مرتبہ 19 اکٹوبر سے پہلے آخری مرتبہ جنوری 2009ء میں ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی تھی۔