نئی دہلی /28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول کی قیمت میں آج 60 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جو اس سال دوسرا اضافہ ہے، اور ڈیزل کی قیمت میں 50 پیسے فی لیٹر بڑھا دیئے گئے، جو جنوری 2013ء سے 14 واں اضافہ ہے۔ یہ اضافے جو آج نصف شب سے نافذ العمل ہو رہے ہیں، ان میں لوکل سیلز ٹیکس یا ویاٹ شامل نہیں ہیں اور حقیقی اضافہ شہر در شہر کچھ اضافہ کے ساتھ بدلتا رہے گا۔ پٹرول کی قیمت میں آخری مرتبہ 91 پیسے کا اضافہ 4 جنوری کو کیا گیا تھا۔ اب پٹرول آج رات سے دہلی میں 73.16 روپئے فی لیٹر ہو جائے گا، جو موجودہ 72.43 روپئے سے 73 پیسے زائد ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت موجودہ 81.31 روپئے کے مقابل 82.07 روپئے فی لیٹر ہو جائے گا۔
دہلی پولیس کو کلین چٹ
نئی دہلی ، 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر قانون دہلی سومناتھ بھارتی کی مبینہ قیادت میںبعض افریقی خواتین کے خلاف نصف شب کو کئے گئے دھاوے کی انکوائری رپورٹ میں دہلی پولیس کو عملاً کلین چٹ دی گئی ہے۔ یہ دھاوا کھڑکی اکسٹنشن میں جنوری میں کیا گیا تھا۔ یہ رپورٹ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کو پیش کی گئی، جسے آج ریاستی حکومت کے متعلقہ محکمہ سے رجوع کردیا گیا ہے۔