پوچھ گچھ کے دوران سب انسپکٹر پر حملہ

الہ آباد۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک پولیس اہلکار پر ایک شخص نے تیز دھار والے ہتھیار سے اس وقت حملہ کردیا جب وہ مذکورہ شخص سے خود اس کی بیوی کے اغواء کئے جانے سے متعلق پوچھ گچھ کررہا تھا۔ کھیری کے SHO راجیش سنگھ نے بتایا کہ سب انسپکٹر رام جیادان پال جوکھیری پولیس اسٹیشن کے تحت لیڈیاری پولیس چوکی کا انچارج ہے، پرپھول چند کیسر وانی نامی شخص نے تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کردیا۔ حالانکہ پال نے کیسروانی کو پولیس اسٹیشن اس لئے طلب کیا تھا کیونکہ اس نے اپنی بیوی کے اغواء کی شکایت درج کروائی تھی اور کیسروانی سے پوچھ گچھ کرنا بھی ضروری تھا جبکہ کیسروانی کے پڑوسیوں کا کہنا ہیکہ اس کی بیوی اپنے عاشق کے ساتھ فرار ہوچکی ہے۔ کیسروانی جو پوچھ گچھ کے وقت ذہنی طور پر عدم توازن کا شکار نظر آرہا تھا، نے اچانک غصہ میں آ کر پال پر ایک تیز دھار ہتھیار سے حملہ کردیا لیکن سب انسپکٹر کے ہمراہ موجود ایک ہوم گارڈ جوان نے کیسروانی پر قابو پا لیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کو شبہ ہیکہ اپنی بیوی کی بے وفائی کی وجہ سے کیسروانی ذہنی عدم توازن کا شکار ہوا ہے جس کی تحقیقات کی جائے گی۔