پوپ نے برسرعام پہلی بار لفظ روہنگیا استعمال کیا

ڈھاکہ ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پوپ نے آج دنیا کی روہنگیا پناہ گزینوں کے حال زار کے بارے میں بے حسی کے استعمال پر پوری دنیا سے معذرت کی۔ اس طرح پہلی بار انہوں نے اپنے دورہ ایشیاء میں برسرعام لفظ روہنگیا استعمال کیا۔ وہ فی الحال بنگلہ دیش کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے روہنگیا پناہ گزینوں کے ایک گروپ سے ملاقات کی جن کو کاکس بازار سے ڈھاکہ منتقل کیا گیا تھا۔ انہیں دعا دی، ان کے ہاتھ تھامے، ان کی دلسوز داستانیں سنیں کہ وہ بدھ مت کے پیروؤں کی اکثریت کے ملک سے کس طرح فرار ہوکر بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔ پوپ نے وزیراعظم شیخ حسینہ سے بھی وٹیکن سٹی کے سفارتخانہ برائے بنگلہ دیش کے احاطہ میں ملاقات کی۔ پریس سکریٹری احسان الکریم نے کہا کہ 20 منٹ تک شیخ حسینہ اور ان کے ارکان خاندان کی پوپ سے ملاقات رہی۔ پوپ نے مسلم اکثریت کے ملک بنگلہ دیش میں ہندو، مسلم، بدھ مت اور عیسائی کے مذہبی قائدین سے ایک بین مذاہب چوٹی کانفرنس میں بھی ملاقات کی۔ قبل ازیں دن میں پوپ فرانسس نے رکشا میں ڈھاکہ کا دورہ کیا اور لوگوں کے ہجوم سے ملاقاتیں کیں۔ وہ ایک چمن کے دورہ پر بھی گئے اور وہاں 80 ہزار سے زیادہ کیتھولک عیسائیوں سے خطاب کیا جن کی آبادی بنگلہ دیش کی جملہ آبادی کا 0.02 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اقدامات صرف اس مسئلہ کے سیاسی حل تک محدود نہیں ہونے چاہئیں بلکہ بے گھر لوگوں کی بازآباد کاری ہونا چاہئے۔