پوٹن کا طلاق قطعی ، کریملن کی توثیق

ماسکو ، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کریملن نے آج توثیق کردی کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنی اہلیہ لیوڈمیلا سے 30 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد گزشتہ موسم گرما اس جوڑے کی اچانک علحدگی کے پیش نظر طلاق کو قطعیت دے دی ہے ۔ صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے سرکاری ایتار۔ تاس نیوز ایجنسی کو تصدیق کی کہ یہ علحدگی مکمل ہوگئی ہے۔ پوٹن کی باقاعدہ خودنوشت نے انھیں حالیہ 27 مارچ تک بھی ’’شادی شدہ‘‘ قرار دیا تھا۔ لیوڈمیلا الیک سندرونا پوٹینا اب محض یہی کہتی ہیں کہ انھیں دو بیٹیاں ہیں اور وہ خاتون اول ہونے کا کوئی ذکر نہیں کرتی ہیں۔

لُفتھانزا کے پائلٹوں کی ہڑتال
برلن ، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی نیشنل ایئر لائنز لفتھانزا کے پائلٹوں نے آج سے تین روز کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ لفتھانزا کا عملہ کل رات سے کام نہیں کررہا۔ پائلٹس یونین نے کہا کہ جمعہ تک ہڑتال کے باعث زیادہ تر پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ہڑتال سے چار لاکھ پچیس ہزار مسافر متاثر ہوں گے۔ لفتھانزا کی ذیلی ایئرلائنز جرمن ونگز کی بھی 1300 پروازوں میں سے زائد از نصف منسوخ کردی گئی ہیں۔ 5400 پائلٹس تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پائلٹ اور کو پائلٹ اپنی پنشن کی شرائط کی وضاحت بھی چاہتے ہیں۔ جرمنی میں اب تک پائلٹوں کیلئے 55 سال کی عمر میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ ممکن رہا ہے۔