پون کلیان کا فلاپ شو، محمد علی شبیر کا ردعمل

حیدرآباد ۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق وزیر مسٹر محمد علی شبیر نے فلم اسٹار وجنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ 129 سالہ تاریخ رکھنے والی کانگریس پارٹی کو ہٹاؤ کا نعرہ دیتے ہوئے بچکانی باتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پون کلیان نے کل فلاپ شو پیش کیا ہے۔ شاید انہیں معلوم نہیں ہے فلمی اور سیاسی زندگی میں کافی فرق ہوتا ہے۔ تلنگانہ میں نوجوانوں کی قربانیوں اور عوامی تحریک کا لمبے عرصہ تک جائزہ لینے کے بعد کانگریس قائدین سے کئی مرحلوں میں بات چیت کی۔ اپوزیشن جماعتوں سے کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا۔ تمام جماعتوں نے تلنگانہ کی تائید کی جس کا احترام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ لوک سبھا میں تلنگانہ بل پر خوشگوار ماحول کرنے کیلئے کانگریس پارٹی نے ہر ممکن کوشش کی مگر سیما۔ آندھرا کے ارکان پارلیمنٹ نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی کو چلنے نہیں دیا جبکہ راجیہ سبھا میں 7 تا 8 گھنٹوں تک مباحث کرنے کے بعد تلنگانہ بل کو منظور کیا گیا۔ پرجنا سینا کے مقابلہ کرنے سے کانگریس پارٹی پر کوئی فرق پڑھنے والا نہیں ہے اور نہ ہی پون کلیان سے کوئی سیاسی انقلاب آنے والا ہے۔ ان کے بڑے بھائی چرنجیوی نے پرجاراجیم تشکیل دی تھی۔ تاہم وہ کانگریس کے نظریات اور اصولوں سے اتفاق کرتے ہوئے اپنی جماعت کو کانگریس میں ضم کردیا ہے۔ کانگریس کو ہٹاؤ نعرہ دینے والے خود زمین دوز ہوجائیں گے۔