پونے ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہولناک حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے جبکہ ایک غیر مستعملہ مارٹر شیل پونے کے علاقہ کونڈوا کے ایک کباڈی کی دکان میں دھماکہ سے پھٹ پڑا۔ یہ واقعہ کھادی نشین چوراہا کونڈوا میں پیش آیا جبکہ اس شیل کو دکان میں تولا جارہا تھا تاکہ اس کا وزن معلوم کیا جاسکے لیکن یہ اچانک پھٹ پڑا۔ پولیس کے بموجب پہلے یہ سمجھا گیا تھا کہ یہ سلینڈر دھماکہ ہے۔ مہلوک کی شناخت 20 سالہ اسلم چودھری کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کباڈی کی اس دکان کا مالک تھا اور یو پی کا متوطن تھا۔ دکان کے دیگر دو افراد زخمی ہوگئے، دھماکہ سے زمین میں 7انچ گہرا شگاف پیدا ہوگیا۔ تاہم اس واقعہ پر سبوتاج یا اشرار کی کارستانی کا شبہ نہیں ہے۔ پونے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے عہدیدار بھانو پرساد برگے نے اس حادثہ پر تبصہ کرتے ہوئے انکشاف کیا۔ ماراین گاؤں دیہات میں ایک اور واقعہ میں ایک شخص کی ٹانگ زخمی ہوگئی جبکہ اسکی موٹر بائیک پر بندھا ہوا دھماکو مادا پھٹ پڑا جبکہ اس نے گاڑی چلانے کی کوشش کی ۔ پولیس دھماکو مادوں میں استعمال کئے ہوئے کیمیائی مادوں کا جائزہ لے رہی ہے ، اسے شبہ ہے کہ زخمی شخص کے کسی دشمن نے یہ دھماکو مادے اس کی موٹر سیکل پر باندھ دیئے تھے۔