پونے میں مرہٹی ادیب کے مجسمہ کی بے حرمتی

سمبھاجی بریگیڈ نے ذمہ داری قبول کرلی
پونے۔/3جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) نامور مرہٹی ادیب اورمزاح نگار آنجہانی رام گنیش گڈکری کا مجسمہ جو کہ یہاں ایک گاؤں میں نصب کیا گیا تھا آج صبح مراہٹا نواز گروپ نے نقصان پہنچایا۔ احتجاجیوں کا الزام ہے کہ گڈکری کے تحریر کردہ ایک ڈرامہ میں چھتر پتی شیواجی کے فرزند کی اہمیت کو گھٹا کر پیش کیا گیا ہے۔ سمجھا جی بریگیڈ جس نے سماجی میڈیا پر مجسمہ کی بے حرمتی کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، بتایا کہ گاؤں میں ایستادہ ادیب کے مجسمہ کو جس کی دیکھ بھال پونے میونسپل کارپوریشن کرتی ہے اُکھاڑ پھینک دیا ہے۔ تنظیم کا الزام ہے کہ گڈکری نے اپنی تصنیف اور ڈرامہ ’ راج سنیاس ‘ میں چھترپتی شیواجی کے فرزند سمجھاجی راجے کو معمولی حیثیت سے پیش کیا ہے۔ سمبھاجی گارڈن میں نصب ان کے مجسمہ کو ہٹادینے کیلئے پونے میونسپل کارپوریشن سے نمائندگی کی گئی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں ورکرس نے گڈکری کے مجسمہ کو اکھاڑ کر قریب میں ایک تالاب میں پھینک دیا۔ سمبھاجی بریگیڈ لیڈر سنتوش شنڈے نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ جن لوگوں نے مجسمہ کی بے حرمتی کی ہے انہوں نے پولیس کے روبرو خود سپردگی اختیار کرلی ہے۔ دریں اثناء دکن جمخانہ پولیس نے 4افراد کے خلاف ایک کیس درج کرلیا ہے۔