اسمتھ کی قیادت میں دھونی توجہ کا مرکز ، ممبئی کی طاقتور بیٹنگ ایک چیلنج
پونے ۔5 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) نئے کپتان کی قیادت میں رائزنگ پونے سوپر جینٹ ( آر پی ایس ) کل اپنی آئی پی ایل 10 کی مہم کا آغاز دو مرتبہ کی سابقہ چمپیئن ممبئی انڈینس کے خلاف کرے گی اور اس مرتبہ پونے کی ٹیم گزشتہ سیزن کے مایوس کن مظاہروں کو پس پشت ڈالتے ہوئے نئی قیادت میں ایک نئی شروعات کی خواہاں ہے کیونکہ پونے کے انتظامیہ نے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آئی پی ایل کی اپنی ٹیم کی قیادت سے ہٹاتے ہوئے ان کے مقام پر آسٹریلیائی ٹیم کے نوجوان کپتان اسٹیو اسمتھ کو قیادت کا موقع دیا ہے ۔ دھونی جنھوں نے آئی پی ایل کے گزشتہ 9 سیزنس میں چینائی سوپر کنگس کے علاوہ گزشتہ برس پونے کی بھی قیادت کی ہے ، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ وہ آئی پی ایل میں بحیثیت وکٹ کیپر بیٹسمین کھیلیں گے ۔ اسمتھ کی قیادت میں دھونی کے مظاہرے توجہ کا مرکز ہوں گے کیونکہ گزشتہ برس ان کی قیادت میں پونے کی ٹیم جس نے آئی پی ایل کے کیرئیر کا آغاز کیا تھا وہ صرف پانچ مقابلے ہی اپنے نام کرپائی تھی ۔ دھونی اس مرتبہ بحیثیت وکٹ کیپر بیٹسمین اپنی صلاحیتوں کو منوانے کیلئے کوشاں ہوں گے تو دوسری جانب ٹیم کے نئے کپتان اسٹیو اسمتھ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ہوئی 1-2 کی شکست کو بھلاتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کی سمت گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے ۔
دھونی جنھوں نے ماضی میں چینائی سوپر کنگس کی انتہائی شاندار قیادت کی ہے اور اب وہ نئی ٹیم کے ساتھ بحیثیت وکٹ کیپر بیٹسمین خود کو منوانے کے خواہاں ہوں گے لیکن اس دوران تمام تر توجہ انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس پر مرکوز ہوں گی جنھیں آئی پی ایل 10 کیلئے 14.5 کروڑ میں خریدا گیا جو اس سیزن کیلئے سب سے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔ اسٹوکس کے بولنگ اور بیٹنگ مظاہرے ٹیم کیلئے اہمیت کے حامل ہوں گے ۔ پونے کیلئے یہ بھی خوش آئند ہے کہ کپتان اسمتھ کے ہمراہ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی مکمل صحتیاب ہیں ، کیونکہ گزشتہ برس یہ دونوں ہی زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے تھے ۔ پونے کی ٹیم اپنے اوپنر اجنکیا رہانے پر بہتر شروعات کیلئے مکمل انحصار کرے گی کیونکہ گزشتہ برس انھوں نے 43.63 کی اوسط سے 480 رنز اسکور کئے تھے جس میں 6 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ بیٹنگ شعبہ کسی قدر مستحکم اور طاقتور دکھائی دیتا ہے لیکن پونے کیلئے اصل مسئلہ کمزور بولنگ شعبہ ہے جس میں آف اسپنر روی چندرن اشون کے زخمی ہوکر باہر ہونے سے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔ اشوک ڈنڈا فاسٹ بولنگ کی قیادت کریں گے لیکن پونے کے بولنگ شعبہ کیلئے ممبئی کے طاقتور بیٹنگ شعبہ کا چیلنج رہے گا ، جس کی قیادت کپتان روہت شرما کررہے ہیں ۔ میڈل آرڈر میں کرن پولارڈ اور جوس بٹلر کی برق رفتار بیٹنگ بھی پونے کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔ ممبئی کا بولنگ شعبہ بھی مستحکم ہے جس میں سری لنکائی فاسٹ بولر لستھ ملنگا ، ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ کے علاوہ نیوزی لینڈ کے میچل میک لیناگھن بھی شامل ہیں۔ رکی پونٹنگ کے مقام پر مہیلا جیا وردھنے کو ٹیم کا نیا کوچ بنایا گیا ہے اور وہ اپنے اہم کھلاڑیوں پارتھیو پٹیل کے ہمراہ جسپریت بومرا سے بالترتیب بیٹنگ اور بولنگ میں بہتر شروعات کے خواہاں ہیں۔