جموں۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کے ضلع پونچھ اور راجوری میں دو الگ الگ مقامات میں ایک 30سالہ نوجوان اور ایک نوعمر لڑکے کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں کچھ راہ گیروں نے ضلع ہسپتال کے نزدیک میں ایک کار کے اندر ایک 30 سالہ نوجوان کو بے ہوشی کے عالم میں دیکھا اورانہوں نے اس کے بارے میں فوراً پولیس کو مطلع کیا۔ بعد ازاں بے ہوش نوجوان کو فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مہلوک نوجوان ایک پرائیویٹ بنک میں ملازم تھا اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کی موت مبینہ طور پر منشیات کے کثرت استعمال سے واقع ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا تاہم پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔دریں اثنا راجوری کے سندربنی علاقے کے کانگری گاؤں میں ایک نوعمر لڑکے کی لاش مکان کی چھت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔مہلوک نوعمر لڑکا ساتویں جماعت میں زیرتعلیم تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد نوعمر لڑکے کی لاش کو اس کے لواحقین کے حوالے کیا گیا۔