پومپیو اور مٹیس نے وزیراعظم کو مذاکرات کی تفصیلات بتائیں

روس اور ایران سے تیل کی خریداری ہی بات چیت کا موضوع

نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ امریکہ مائیکل آر پومپیو اور وزیردفاع جیمس مٹیس نے وزیراعظم نریندر مودی کو اولین 2+2 مذاکرات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نیک خواہشات بھی وزیراعظم مودی پر پہنچائیں۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے ساتھ تبادلہ خیال کی خوشگوار یادوں کو دہرایا اور انہیں امریکی وزراء کے ذریعہ نیک خواہشات روانہ کی۔ بات چیت کے دوران وزیرخارجہ ہند سشماسوراج اور وزیردفاع نرملا سیتارامن بھی موجود تھیں۔ روس اور ایران سے تیل کی خریداری بھی بات چیت کا موضوع رہی کیونکہ ایران سے تجارت پر امریکہ نے نیوکلیئر معاہدہ میں دستبرداری کے بعد تازہ تحدیدات عائد کردی ہیں۔ دریں اثناء ہندوستان اور امریکہ نے آج اتفاق رائے کیا کہ نیوکلیئر سربراہ کنندہ گروپ کی رکنیت جلد از جلد ہندوستان کو دلوائیں گے۔
ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف کانگریس اور بائیں بازو کا احتجاج
نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کروڑوں ہندوستانیوں کا روزگار متاثر ہورہے ہیں۔ چنانچہ بایاں بازو پیر کے دن اس کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گا جبکہ کانگریس پارٹی 10 ستمبر کو احتجاجی بھارت بند منائے گی۔