پومپیو اور تلسی گبارڈ کی جانب سے دیوالی کی مبارکباد

واشنگٹن۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ساری دنیا میں منائے جانے والے دیوالی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ تہوار اندھیرے پر اُجالے کے غلبہ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے دیوالی کے موقع پر مبارکبادی کے اپنے خصوصی پیغام کے ذریعہ یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تقریباً ایک بلین افراد روشنیوں کے اس تہوار میں دیئے جلاتے ہیں۔ پھلجھڑیاں چھوڑتے ہیں اور اپنے مکانات و دفاتر کو قمقموں سے سجاتے ہیں۔ آتش بازی کی جاتی ہے لیکن آج کل دنیا کی ہر حکومت آتش بازی اور پٹاخوں کے استعمال کو کم سے کم کرنے کی ضرورت پر زور دے رہی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان میں پہلی بار منتخب ہونے والی تلسی گبارڈ نے بھی دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 سال کے بن باس کے بعد لارڈ رام، راون پر فتح حاصل کرنے کے بعد جب ایودھیا واپس لوٹے تو ان کا خیرمقدم کرنے کیلئے آتش بازی کرتے ہوئے خوشیاں منائی گئی تھیں اور ہر سال اس تہوار کو جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ مَیں اس موقع پر تمام ہندو بھائی بہنوں کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔