پولیس کی ساکھ ہی اصل پیمانہ ‘ ارون جیٹلی

پولیس اکیڈیمی میں آئی پی ایس پروبیشنرس پریڈ سے خطاب
حیدرآباد ۔ /28 اکٹوبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی نے آج کہا کہ پولیس عہدیداروں کی ساکھ ہی ان کا پیمانہ ہے ۔ آئی پی ایس پروبیشنرس کے 68 ویں بیاچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے نیشنل اکیڈیمی میں خطاب میں انہوں نے کہا کہ پولیس کا غیرجانبدارانہ رویہ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پہچانا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جرائم مختلف شکل میں رونما ہورہے ہیں اور جدید و عصری ٹیکنالوجی کے ذریعہ  سائبر کرائم ، فارنسک ، نارکوٹک اور دہشت گردی سے نمٹنا چاہئیے ۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ دہشت گردی معاشرہ کیلئے ایک بدترین لعنت ہے اور ہر پولیس عہدیدار اس کا مقابلہ کرنے تیار رہے ۔ آئی پی ایس پروبیشنرس عہدیداروں کو مشورہ دیتے ہوئے مسٹر جیٹلی نے کہا کہ انہیں زندگی میں ایک ایسے چوراہے پر ٹھہرنا ہوتا ہے اور اس وقت وہ سیدھے راستہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی شارٹ کٹ کے ذریعہ اس سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت پر اپنی ذمہ داری سے   کنارہ کشی سے عارضی فائدہ حاصل ہوتا ہے ، مستقبل میں نہیں ہوتا ۔ مرکزی وزیر فینانس نے ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد انہوں نے ملک کو مستحکم بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ مسٹر جیٹلی نے 45 ہفتوں کی آئی پی ایس ٹریننگ کے دوران نمایاں کارکردگی  کا مظاہرہ کرنے والے پروبیشنرس آفیسرس کو انعامات عطا کئے ۔ اس موقع پر ڈائرکٹر نیشنل پولیس اکیڈیمی شریمتی ارونا بہوگنا نے کہا کہ 21 ویں صدی کے پولیس عہدیداروں کیلئے مختلف مواقع موجود ہے اور ٹکنالوجی کا مکمل استعمال کرتے ہوئے وہ اپنے مستقبل کو روشن بنائے ۔ یکجہتی اور عقل مندی کے ذریعہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں ۔ شریمتی بہوگنا نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر 109 پولیس عہدیداروں بشمول رائل بھوٹان ، مالدیپ اور نیپال کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پولیس کیلئے نئے چیالنجس ہے جس میں دہشت گردی بھی شامل ہے ۔