رائے پور 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک سخت گیر ماؤسٹ جس کے سر پر 20,000روپئے کا انعام ہے،کو چھتیس گڑھ کے شورش زدہ نارائن پور ڈسٹرکٹ سے گرفتار کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 38 سالہ ماوسٹ لکھمو کو اس کے ہی آبائی گاوں موضع کو منار سے گرفتار کیا گیا ۔ نارائن پور کے ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ او پی شرما نے یہ بات بتائی ۔ لکھنو پولیس کو کئی جرائم میں ملوث ہونے پر مطلوب تھا جیسے پولیس پارٹی پر حملہ ،لوٹ مار،قتل ،گاڑیوں کو نذر اتش کردینا وغیرہ ۔ کومنار موضع میںاس کی آمد کی خفیہ اطلاع پر پولیس کو مل گئی تھی جس کے بعد اسے گرفتار کرنے کیلئے جال بچھایا گیا ۔
پھولن دیوی قتل :سزا ء کا 14اگست کو اعلان
نئی دہلی 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ڈاکو سے سیاستداں بننے والی پھولن دیوی کے قتل میں ملوث شیرسنگھ رانا کی سزا کی میعاد کا اعلان دہلی کی ایک عدالت 14 ،اگست کو کرے گی ۔ یاد رہے کہ 2001 ء میں پھولن دیوی کا قتل کردیا گیا تھا ۔ استغاثہ نے عدالت سے ملزم کیلئے سزائے موت دیئے جانے کی سفارش کی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج بھرت پراشر نے سزا کی میعاد کے موضوع پر چلنے والی بحث کی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھا جبکہ استغاثہ نے استدلال پیش کیا کہ رانا نے پھولن دیوی کا قتل منصوبہ بند طریقہ سے کیا لہدا اسے سزائے موت دی جانی چاہئے کیونکہ رانا جیسے لوگ سماج کیلئے خطرہ ہیں۔