نئی دہلی۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ماؤ نواز انتہا پسندوں سے رابطے کے الزام کے تحت پونے پولیس کی طرف سے ملک کے مختلف شہروں میں دھاؤں کے دوران گرفتار شدہ جہد کاروں میں شامل سدھا بھردواج نے تحقیقاتی ایجنسیز کے ان الزامات کو آج یکلخت مسترد کردیا ۔ ایک ضبط شدہ مکتوب میں ان کے نام کا انکشاف ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا یہ الزام بالکلیہ طور پر من گھڑت ہے جس کا مقصد انہیں اور انسانی حقوق جہد کاروں کو مجرم کے طور پر ظاہر کرتا ہے۔ پولیس نے جمعہ کو دعویٰ کیا تھا کہ سدا بھردواج نے ایک کامریڈ پرکاش کو مکتوب تحریر کیا تھا۔ سدھا بھردواج نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ ایک بیان میں کہا کہ پونے پولیس کی طرف سے بتایا گیا مکتوب عوامی سطح پر دستیاب تفصیلات کے مغائر، بے بنیاد اور من گھڑت دعوؤں پر مبنی ہے۔