پولیس کا عصری ہتھیاروں کیلئے اصرار

حیدرآباد /9 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی پولیس نے برٹش دور کی 303 رائفل کے استعمال سے انکار کرتے ہوئے عصری ہتھیار فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ ذرائع کے بموجب سوریا پیٹ اور جنگاؤں انکاؤنٹر کے بعد پولیس اپنی زندگی کے تعلق سے فکرمند ہے اور ہائی ٹیک دور میں برٹش دور کی رائفل کے استعمال سے انکار کر رہی ہے۔ پولیس ملازمین نے ڈی جی پی انوراگ شرما سے خواہش کی ہے کہ انھیں گرے ہانڈس، ٹی ایس پی این، اکٹوپس، بلیک کیاٹس اور کاؤنٹر انٹلی جنس پولیس کی طرح ایس ایل آر اور کاربن بندوقیں فراہم کی جائیں۔ پولیس کا استدلال ہے کہ حیدرآباد کے 72 اور تلنگانہ کے 316 پولیس اسٹیشنوں میں عصری ہتھیار موجود نہیں ہیں، جب کہ غیر سماجی عناصر، دہشت گرد، اے کے 47 اور اے کے 56 کے علاوہ چین میں تیار ہونے والے ریوالور استعمال کر رہے ہیں ۔ حکومت نے پولیس اسٹیشنوں کو عصری سہولتوں سے لیس گاڑیاں تو فراہم کردی، لیکن عصری ہتھیار خریدنے کے معاملے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔