جموں۔/23ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام) جموں میں کٹھوا ضلع کے بانی ٹاؤن میں ایک خاتون نے اپنے کانسٹبل شوہر پر تیزابی حملہ کردیا۔ جبکہ کانسٹبل کی دوسری شادی کی اطلاع پر یہ خاتون غصہ سے بے قابو ہوگئی۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر بانی (Bani) سریش گوتم نے بتایا کہ شمیمہ اختر کی شادی کانسٹبل محمد دین کے ساتھ 10سال قبل ہوئی تھی حال ہی میں اس کے شوہرکے دوسری خاتون سے شادی کرنے کا افشاء ہوا تھا جس پر ہرہم ہوکر اس خاتون نے اپنی دختر اور دیگر 2افراد کی اعانت سے تیزابی حملہ کردیا جس میں وہ شدید جھلس گیا۔ اس واقعہ میں شمیمہ اختر بھی زخمی ہوگئی ہیں۔ ملزمہ اور متاثر( کانسٹبل ) کو فی الفور ضلع ہاسپٹل کھٹوا سے رجوع کیا گیا تاہم شوہر کی حالت تشویشناک ہونے پر گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے خاتون اور اس کی دختر کے خلاف ایک کیس درج کرلیا ہے اور ہاسپٹل سے ڈسچارج ہونے کے بعد خاتون کو گرفتار کرلیا جائیگا۔