پولیس ٹی آر ایس کیڈر کے طور پر کام کر رہی ہے : ناگیندر

حیدرآباد /6 فروری ( این ایس ایس ) کانگریس کے سینئیر لیڈر جی ایچ سی سی صدر اور سابق وزیر دانم ناگیندر نے ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کو خبردار کیا کہ وہ شہر میں پولیس فورس کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کیڈر پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دانم ناگیندر نے کہا کہ شہر میں پولیس ٹی آر ایس کیڈر کے طور پر کام کر رہی ہے اور کانگریس ورکرس کو خوفزدہ کر رہی ہے ۔ سکریٹریٹ اور چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی کیلئے حکومت کے فیصلے کے خلاف کانگریس پارٹی بڑے پیمانے پر احتجاجی ریالی نکالے گی ۔ ڈی ناگیندر نے مزید کہا کہ اس ریالی کو گاندھی بھون سے راج بھون تک نکالا جائے گا ۔ جس میں کانگریس کے ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل ، ارکان پارلیمنٹ تمام سینئیر قائدین اور کیڈر شرکت کریں گے ۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرکے انہیں یادداشت پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کانگریس پارٹی آنے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں شاندار طریقہ سے کامیابی حاصل کریں گی ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کی کہ انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوئے ہیں ۔ ان کے وعدہ جھوٹے ثابت ہوئے ۔ ٹی آر ایس نے اپنے منشور پر بھی عمل آوری نہیں کی گئی ہے ۔ نئی حکومت تشکیل کے بعد سے وہ خاموش تھے اور ٹی آر ایس کی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے تھے ۔