حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس) : تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے آج کہا کہ ریاستی محکمہ پولیس میں بہت جلد 18000 جائیدادوں پر بھرتیاں کی جائیں گی ۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد کی طرح مختلف اضلاع میں بھی کمانڈ اور کنٹرول سنٹرس ، سائبر کرائم سنٹرس اور کلوز ٹیمس قائم کی جائیں گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و قانون ، عوام پر مرکوز ترقی اور تمام اضلاع کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش بنانے کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے موثر پولیس نگرانی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ 2017 کے دوران جرائم کی شرح میں 12.93 فیصد اضافہ ہوا ہے اور امن و قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔ محکمہ پولیس پر عوام کے اتحاد و بھروسہ میں مزید اضافہ کو یقینی بنانے کے لیے انتھک مساعی کی جائے گی ۔۔