پولیس ملازمین اپنے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنائیں

معطل شدہ کانسٹبل کی دختر کی درخواست پر کمشنر پولیس نے معطلی واپس لی

حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے سٹی پولیس سے وابستہ عملہ بالخصوص پولیس کانسٹبلس کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن بنانے پر اولین ترجیح دیں۔ اُنھوں نے آج ایک اور آڈیو مسیج جاری کیا جس میں اُنھوں نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہاکہ دو دن قبل اُنھیں ایک کم عمر لڑکی نے فون پر اُن سے ملنے کی خواہش ظاہر کی جس پر اُنھوں نے دفتر آنے کے لئے کہا۔ لڑکی جو نویں جماعت کی ہے اور ایک پولیس کانسٹبل کی بیٹی ہے، وہ اپنی ماں کے ہمراہ دفتر کمشنر پولیس پہونچی اور انجنی کمار سے ملاقات کرتے ہوئے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ (کمشنر پولیس) اُس کے باپ کی معطلی برخاست کردیں۔ کمشنر پولیس سے گزارش کے دوران لڑکی نے انجنی کمار سے یہ وعدہ کیا کہ وہ اُس کا باپ آئندہ کبھی شراب نوشی نہیں کرے گا کیوں کہ شراب نوشی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے پر اُسے معطل کیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے آڈیو مسیج میں کہاکہ لڑکی نے اپنے معطل شدہ کانسٹبل باپ کو شراب پینے سے روکنے کا ایسا بھروسہ دلایا کہ اُنھوں نے دفتر کے اوقات ختم ہونے کے باوجود بھی آفس کلرک کو دوبارہ دفتر طلب کرکے اُس کے باپ کو بحال کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے لڑکی کو مٹھائی کے ڈبے کے ساتھ روانہ کیا۔ کمشنر پولیس نے کانسٹبلس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا خیال رکھیں اور اُن کے ساتھ وقت گزاریں کیوں کہ آپ کا بچوں کے ساتھ گزارا ہوا وقت اُن کے لئے بہترین سرمایہ کاری ہے۔