گاندھی نگر ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : گجرات کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ آنندی بین پٹیل نے ریاستی پولیس فورس میں خواتین کے لیے 33 فیصد تحفظات کا اعلان کیا ۔ مزید تفصیلات نہ بتاتے ہوئے انہوں نے صرف اتنا کہا کہ سماج میں خواتین کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے لہذا میری حکومت نے پولیس بھرتی میں خواتین کے لیے 33 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسلح پولیس کے 97 سب انسپکٹرس اور 39 انٹلی جنس آفیسرس جو پی ایس آئی کیڈر سے تعلق رکھتے ہیں ، کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی ۔ پاسنگ آوٹ پریڈ گاندھی نگر کے کرائی میں واقع گجرات پولیس اکیڈیمی میں منعقد کی گئی تھی ۔ ان افسران کو کرائی اکیڈیمی میں اپنی تربیت کی تکمیل کے بعد پولیس فورس میں شامل کیا جائے گا ۔ 136 افسران کے منجملہ 25 خواتین ہیں ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب کے دوران آنندی بین پٹیل نے کہا کہ ملک بھر کی تمام ریاستوں کے مقابلے ریاست گجرات میں جرائم کی شرح سب سے کم ہے۔۔