پولیس عہدیداروں کی تقسیم کا معاملہ ہنوز زیر التواء

تلنگانہ ریاست کے قیام کی تیاریوں کے دوران عہدیداروں میں اپنے مستقبل سے متعلق تجسس و تشویس
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے ذریعہ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے کیلئے صرف تین دن باقی رہ گئے ہیں لیکن ریاست میں پولیس عہدیداروں کی تقسیم ابھی تک بھی زیر التواء ہے کیونکہ پولیس عہدیداروں کی تقسیم کے معاملہ میں مرکزی وزارت داخلہ کے رہنمایانہ خطوط کی ابھی تک عدم وصولی کے نتیجہ میں عہدیداروں کی تقسیم نہ ہوسکی جس کے باعث پولیس عہدیداروں میں زبردست تجسس و تشویش پائی جارہی ہے ۔ اسی دوران ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر بی پرساد راو کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ پرتیوش سنہا کمیٹی رپورٹ کی وصولی کے بعد ہی پولیس میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ مزید بتایا جاتا ہیکہ پرتیوش سنہا کی زیر قیادت کمیٹی کو عہدیداروں کی تقسیم کے سلسلہ میں مکمل جائزہ لیکر تقسیم سے متعلق رہنمایانہ

خطوط مرتب کر تے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ لہذا وہ تقسیم کے معاملہ میں تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اپنی کمیٹی رپورٹ مرتب کرنے میں کوشاں ہیں ۔ اسی دوران تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کا تذکرہ کرتے ہوئے ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر بی پرساد راو نے بتایا کہ 2 جون کو پولیس پریڈ گراونڈ پر تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میںلایا جائے گا اور اس تقریب کے بہتر انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے موثر و وسیع تر پولیس کے صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں کیونکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کا پہلا یوم تاسیس ہوگا جس کے پیش نظر کثیر تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے اور اسی کے پیش نظر پریڈ گراونڈ سکندرآباد پر بڑے پیمانے پر سیکوریٹی اور عوام کیلئے سہولت بخش انتظامات کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔