پولیس رکروٹمنٹ ‘ حد عمر میں اضافہ پر غور

رکروٹمنٹ بورڈ کی تجویز پر حکومت کا سنجیدگی سے جائزہ
حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت پولیس رکروٹمنٹ کیلئے مقررہ حد عمر میں اضافہ کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرکے جلد فیصلہ کرنے کا امکان ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ حکومت موجودہ حد عمر میں مزید تین سال کی رعایت دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ پولیس رکروٹمنٹ کیلئے مقرر کردہ حد عمر میں اضافہ کے مطالبہ پر بے روزگار نوجوانوں کی جانب سے احتجاجی ریالیاں و دھرنے منظم کئے گئے تھے اور تقریباً تمام ریاستی وزراء سے ملاقات کرکے یادداشتیں پیش کئے تھے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی سے ملاقات کرکے مؤثر نمائندگی کی گئی تھی جس کی روشنی میں ڈی جی پی کی ہدایت پر پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے حکومت کو تجاویز پیش کی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ عرصہ کے دوران ہوئے پولیس رکروٹمنٹ میں چھ سال کی رعایت دی گئی تھی لیکن اس مرتبہ پولیس عہدیداروں نے آپسی مشوروں کے ذریعہ تین سال کی رعایت مقررہ حد عمر میں دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقررہ حد عمر میں تین سال کا اضافہ کرنے کی صورت میں درخواستیں پیش کرنے مزید 30 ہزار افراد کو موقع فراہم ہوسکے گا اور اسی مناسبت سے چیف سکریٹری کو رکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ریاست میں 18 ہزار سے زائد جائیدادوں پر بھرتی کیلئے پولیس رکروٹمنٹ بورڈ نے اعلامیہ جاری کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بورڈ کی تجاویز پر چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ سے ڈائرکٹر جنرل پولیس ‘ریاستی انٹلی جنس چیف مسٹر نوین چند و دیگر عہدیدار آئندہ دو تین یوم میں ملاقات کرکے تبادلہ خیال کرسکتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی مقررہ حد میں مزید تین سال کا اضافہ کرنے کی منظوری حاصل ہونے کی صورت میں علیحدہ احکامات جاری کئے جائیں گے۔