احتجاجیوں کے حملہ میں 2 پولیس ملازمین شدید زخمی
بارہ بنکی ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : موٹر سیکل کے سرقہ کے الزام میں گرفتار ایک دلت نوجوان دیور کوتوالی پولیس اسٹیشن میں مردہ پایا گیا جب کہ افراد خاندان کا الزام ہے کہ پولیس تحویل میں اس پر تھرڈ ڈگری استعمال کی گئی ۔ تاہم پولیس کا ادعا ہے کہ ملزم سبھاش راج ونشی نے لاک اپ کی ایک سلاخ سے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ اس واقعہ کی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ مداکیون علاقہ کا ساکن راج ونشی کو ایک موٹر سیکل کے سرقہ کے الزام میں گرفتار کر کے کل شام حوالات میں بند کردیا گیا تھا ۔ جہاں پر محروس شیام راوت نے بتایا کہ راج ونشی رفع حاجت کے لیے بیت الخلاء گیا تھا اور وہاں ایک آئرن گیرل ( آہنی جالی ) سے پھانسی لے کر فوت ہوگیا ۔ تاہم متوفی کے خاندان کا الزام ہے کہ پولیس تحویل میں زد و کوب کیے جانے سے اس کی موت واقع ہوئی ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ عبدالحمید نے بتایا کہ ایک موٹر سیکل کے مالک کی نشاندہی پر اس نوجوان کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ جس نے بعد ازاں خودکشی کرلی ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بتایا کہ اس واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائے گی ۔ جس کی بنیاد پر کارروائی ہوگی ۔دریں اثناء پولیس حوالات میں ایک دلت نوجوان کی مشتبہ حالت میں موت کے بعد برہم احتجاجیوں نے پولیس اسٹیشن اور کئی ایک گاڑیوں کو آگ لگادی۔ پرتشدد احتجاج میں دو پولیس ملازمین زخمی ہوگئے۔ ان پر ہجوم نے حملہ کردیا تھا جنہیں تشویشناک حالت میں ہاسپٹل میں شریککروادیا گیاہے۔ پولیس نے بتایا کہ دو حملہ آوروںکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔