پولیس بیارکس کی تعمیر کے کاموں کی پیشرفت کا معائنہ

این وی ایس ریڈی ، کمشنر پولیس مہیندر ریڈی کا گوشہ محل ، سٹی کالج ، چیلہ پورہ کا دورہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : مسٹر این وی ایس ریڈی ، ایم ڈی حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ اور کمشنر پولیس حیدرآباد ایم مہیندر ریڈی نے حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے تعمیر کیے جارہے پولیس بیارکس کے کاموں کی پیشرفت کا معائنہ کیا ۔ ایچ ایم آر ایل کی جانب سے گوشہ محل ( شاہ عنایت گنج ) ، سٹی کالج ، چیلہ پورہ اور رسول پورہ میں تقریبا 25.50 کروڑ روپئے لاگت سے 4 پولیس بیارکس تعمیر کیے جارہے ہیں ۔ یہ بیارکس رسول پورہ میں 2 ایکڑ اراضی پر پولیس کوارٹرس اور شہر کے مختلف مقامات پر دیگر پانچ پولیس جائیدادوں کے بجائے تعمیر کیے جارہے ہیں ۔ جنہیں میٹرو ریل اسٹیشنس اور دیگر کاموں کے لیے حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے گوشہ محل ، سٹی کالج اور چیلہ پورہ پولیس بیارکس کا معائنہ کیا ۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ گوشہ محل میں پولیس بیارکس کی تعمیر کا کام مکمل ہوگیا ہے اور یہ محکمہ پولیس کے حوالہ کرنے کے لیے تیار ہے ۔ سٹی کالج ، چیلہ پورہ اور رسول پورہ میں بیارکس کی تعمیر کا کام ایڈوانسڈ مرحلہ میں ہے اور آئندہ چند ماہ میں قبضہ کے لیے تیار ہوگا ۔ ایچ ایم آر ایل کی جانب سے ان بیارکس کی تعمیر کے اعلی معیار کی ستائش کرتے ہوئے مسٹر مہیندر ریڈی نے کہا کہ یہ سہولتیں حیدرآباد کو ایک محفوظ شہر بنانے کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ویژن کو پورا کرنے میں مفید اور کارآمد ثابت ہوں گی ۔ اس انسپیکشن میں چیف انجینئر ، ایچ ایم آر ایل مسٹر محمد ضیا الدین ، محکمہ پولیس کے سینئیر عہدیدار اور حیدرآباد میٹرو ریل کے انجینئرس اور عہدیداروں نے حصہ لیا ۔۔