پولیس بھرتی کی سخت ٹریننگ کے دوران ایک اور امیدوار فوت

ممبئی ۔ 18 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس میں بھرتی کیلئے جس سخت قسم کا ٹسٹ لیا جارہا ہے اس سے پولیس میں ملازمت کرنے والوں کو نہ صرف سخت آزمائش سے گزرنا پڑ رہا ہے بلکہ اب تک پانچ امیدوار اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو چکے ہیں ۔ اسی نوعیت کے ایک واقعہ میں گاہی ناتھ لڑ پڑے نامی ایک 24 سالہ امیدوار مضافاتی علاقہ ملنڈ کے پلاٹنیم ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ ٹریننگ کے دوران گاہی ناتھ کی حالت بگڑ گئی تھی اور اسے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء ایم پی کریت سومیا نے پولیس بھرتی کے دوران سخت مشقوں کے تحت ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض محکمہ پولیس کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔

کیا ہم اس لاپرواہی کے مزید تحمل ہوسکتے ہیں ؟ ہم نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر بھی اس معاملہ کی نمائندگی کی ہے ۔ آخر اس کا اصل ذمہ دار کون ہے ؟ کل میں ان واقعات پر ایک فوجداری شکایت کا ادخال کرنے والا ہوں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ان اموات کے پس پشت وجوہات کی تحقیقات کرے ۔ پولیس میں بھرتی کیلئے آئے ہوئے امیدواروں کو رہنے اور دیگر بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ وہ زمین پر ہی سونے پر مجبور ہیں جبکہ پیٹ بھر کھانا نہ ملنے کے باوجود چلچلاتی دھوپ میں انہیں سخت ٹریننگ سے گزارا جارہا ہے جس کی تاب نہ لاکر اب تک پانچ امیدوار فوت ہوچکے ہیں۔