نئی دہلی ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے معزز شہریوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ محکمہ پولیس میں اصلاحات متعارف کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ حکمراں پولیس والے عوامی پولیس والے (خدمتگار) بن جائیں۔ وزیراعظم کے نام تحریر کردہ ایک مکتوب میں شہریوں کے گروپ جن کی قیادت ملک کے سینئر اور نامور وکیل و اے پی رام جیٹھ ملانی کر رہے تھے ، نے یہ بھی درخواست کی کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کو الیکشن کمیشن اور لاء کمیشن کی سفارشات کے مطابق متعارف کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد مجلس قانون ساز سے دور رکھا جائے ۔ سابق سکریٹری بھورے لال ، سابق سی بی آئی ڈائرکٹر جوگیندر سنگھ ، سابق ڈی جی پ یز پرکاش سنگھ و ششی کانت ، سماجی جہد کار پی وی راجہ گوپال اور کولکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ڈی ایس ٹیواٹیا بھی مذکورہ گروپ میں شامل ہیں جبکہ دوسری طرف لوک سبھا کے سابق اسپیکر سومناتھ چٹرجی اور سینئر وکیل راجیو دھون بھی اس گروپ میں شمولیت احتیار کی ہے تاکہ وزیراعظم کو ’’شدت سے ضروری اصلاحات‘‘ متعارف کرنے آمادہ کیا جاسکے ۔