پرکاشم ۔ گنٹور سرحد پر پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ
حیدرآباد 19 جون ( پی ٹی آئی ) تین ماؤیسٹس بشمول دو خواتین آندھرا پردیش میں گنٹور ۔ پرکاشم سرحد پر پولیس کے ساتھ انکاؤنٹر میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس انکاؤنٹر کے بعد وہاں سے کچھ ہتھیار بھی ضبط ہوئے جن میں اے کے 47 رائفلس بھی شامل ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ یہاں موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ماؤیسٹوں اور پولیس کے مابین ایک گہرے جنگل کے علاقہ میں پلا چیرو منڈل ضلع پرکاشم میں شروع ہوئی تھی ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ گنٹور ( رورل ) پولیس کی ایک ٹیم نے یہ کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ماؤیسٹوں کی فائرنگ کے جواب میں پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں تین ماؤیسٹ ہلاک ہوگئے ہیں اور ایک وہاں سے فرار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی نلا ملا جنگلاتی ڈویژن کمیٹی رکن جنا بابو راؤ عرف اشوک ‘ اس کی شریک حیات بھارتی اور ایک خاتون ورکر وملا کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام متوفی ماؤیسٹ روپوش تھے اور کئی جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ بابو راؤ کے سر پر پانچ لاکھ روپئے کا انعام تھا اور وہ گذشتہ 13 سال سے روپوش تھا ۔ بھارتی کے سر پر چار لاکھ اور وملا کے سرپر تین لاکھ کا انعام تھا اور یہ دونوں گذشتہ آٹھ سال سے روپوش تھے ۔