پولاورم پراجکٹ کے خلاف وزیراعظم سے نمائندگی کرنے اوڈیشہ کا فیصلہ

بھوبنیشور 12 اگسٹ (پی ٹی آئی) اوڈیشہ قانون ساز اسمبلی کی ایوان کمیٹی نے پولاورم پراجکٹ کی تعمیر سے متاثر ہونے والے عوام کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی درخواست کے مقصد سے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپیکر نرنجن پجاری کے زیرقیادت اِس کمیٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں جنھوں نے اپنے پہلے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ پراجکٹ سے متاثر ہونے والے عوام کے مفادات کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔ ضلع ملکان گیری کے ایک رکن اسمبلی مانس مڈگامی نے کہاکہ ’’ایوان کمیٹی نے وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی عوام کے مفادات کے تحفظ کی درخواست پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع ملکان گیری کے چند حصے زیرآب آجائیں گے چنانچہ ہم اِس پراجکٹ کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے‘‘۔