تلنگانہ کے سات مواضعات کے رائلسیما میں انضمام کے خلاف انتباہ : کودنڈا رام
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مرکزی حکومت سے پولاورم پراجکٹ کی تعمیر سے ضلع کھمم کے زیر آب آنے والے سات منڈلوں کو آندھرا ریاست میں ضم کرتے ہوئے جاری کردہ آرڈیننس سے فی الفور دستبرداری اختیار کرلینے کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد شاید پہلی مرتبہ تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام نے پولاورم پراجکٹ کے مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے مذکورہ مطالبہ کیا ہے ۔ آج یہاں تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اسٹیرنگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کے بعد پروفیسر کودنڈا رام صدر نشین تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے منعقدہ اجلاس میں پولاورم پراجکٹ میں ضلع کھمم کے زیر آب آنے والے سات منڈلوں کو آندھرا ریاست میں ضم کرنے سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور ماہ جولائی کے دوسرے ہفتہ کے دوران دہلی میں ایک کانفرنس منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ جولائی کے تیسرے ہفتہ میں بڑے پیمانے پر شہر حیدرآباد میں ’ مہا دھرنا ‘ منظم کیا جائے گا ۔ صدر نشین تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے مزید کہا کہ بہت جلد ان کی قیادت میں تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی کا ایک وفد چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرے گا اور پولاورم پراجکٹ مسئلہ پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی ۔۔