پوسٹ آفسیس میں آدھار کارڈ مراکز میں اضافہ

مرکزی و ریاستی حکومتوں کے اسکیمات سے استفادہ کے پیش نظر حکومت کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں عوام کو آدھار کارڈ کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے پوسٹ آفسیس میں آدھار کارڈ مراکز قائم کیے جانے کے اقدامات میں مزید تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ اس طرح اب تک ریاست کے مختلف مقامات پر پائے جانے والے 36 پوسٹ آفسیس میں آدھار کارڈز مراکز قائم کئے گئے اور مزید 200 آدھار کارڈز مراکز کا عاجلانہ طور پر قیام عمل میں لاتے ہوئے عوام کو آدھار کارڈ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ حقیقی استفادہ کنندگان تک فلاح و بہبودی اسکیمات پہونچانے کے مقصد سے مرکزی و ریاستی حکومتیں مختلف اسکیمات کے لیے آدھار کارڈ کو مربوط کرنے کو لازمی قرار دے رہی ہیں جس کی وجہ سے آج عوام آدھار کارڈ حاصل کرنے سے اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ان آدھار کارڈ مراکز سے نئے آدھار کارڈ حاصل کرنے کے علاوہ ناموں کی تصحیح کروانے ، پتہ وغیرہ تبدیل کروانے کے لیے عوام کثیر تعداد میں آدھار کارڈ مراکز پہونچ رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں آدھار کارڈز کی اجرائی کا تناسب صد فیصد سے زائد ہوچکا ہے لیکن دیگر مقامات سے حیدرآباد آنے والے افراد کی وجہ سے زائد کارڈز بھی جاری کئے جارہے ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ کارڈز کی اجرائی اور پیش کردہ تفصیلات وغیرہ میں تصحیح و ترمیمات وغیرہ کے عمل کو ’ می سیوا ‘ سنٹرز کے ساتھ ساتھ نامزد بینکوں اور پوسٹ آفسوں میں جاری رکھا گیا ہے ۔ اسی دوران سپریم کورٹ ہدایات کی روشنی میں خانگی شعبہ کے تحت آدھار کارڈز کی اجرائی کے عمل کو مکمل طور پر سرکاری دفاتر کو منتقل کرنے کا عمل بھی ریاست تلنگانہ میں تیزی سے جاری ہے ۔۔