شکاگو ۔ 9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت گذشتہ چار سال کے دوران زبردست ترقی کی ہے اور پوری دنیا کی نظریں اب ہندوستان پر لگی ہیں ۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے تلگو امریکی شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت انحطاط پذیر ہے ۔ واحد معیشت جو تیزرفتاری سے ترقی کرتی ہے ہندوستان کی ہے ‘ وہ کئی سو تلگو نژاد امریکی شہریوں سے اپنے طوفانی بین الاقوامی دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ وینکیا نائیڈو نے ترقی کے اعداد و شمار پیش کئے اور مختلف بین الاقوامی مالی اداروں جیسے ایشین ڈیولپمنٹ بینک ‘ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیتی فنڈ کے اعداد و شمار ظاہر کئے ۔ انہوں نے کہا کہ اب پوری دنیا کی نظریں ہندوستان پر لگی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات تھے ‘35 تا 40 سفیروں نے مجھ سے ملاقات کی تھی ۔ وہ تمام ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے تھے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہیں بیحد خوشی ہوئی کہ اصلاحات کے بارے میں وسیع تر اتفاق رائے پایا جاتاہے ۔