ممبئی ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک زمانہ ایسا بھی تھا جب این سی پی سربراہ شردپوار نے آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کو بی جے پی سے قطع تعلق سے منع کیا تھا۔ پارٹی میں انہیں نظرانداز کئے جانے پر منڈے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونا چاہتے تھے۔ شیوسینا قائد سنجے راوت نے یہ انکشاف کیا۔ پارٹی اخبار سامنا میں شائع ایک مضمون کا حوالہ دیا گیا ہے جسمیں پوار نے منڈے کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بی جے پی چھوڑنے کی غلطی نہ کریں۔ انہوں نے یہ تیقن دیا تھا کہ بی جے پی ان کے تمام مطالبات کی تکمیل کریگی۔ یاد رہے کہ سنجے راوت سامنا کے ایگزیکیٹیو ایڈیٹر ہیں، انہوں نے کہا منڈے اس وقت بی جے پی میں خود کو مطمئن نہیں کر پا رہے تھے جس کے بعد انہوں نے شردپوار سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا مشورہ طلب کیا تھا کہ آیا وہ (منڈے) بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوجائیں۔ کانگریس منڈے کو وزارتی قلمدان دینے بھی تیار تھی۔