چینائی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جیہ للیتا کے وفادار ساتھی سمجھے جانے والے اوپنیر سیلوم نے آج بحیثیت وزیر اعلیٰ ٹاملناڈو حلف لیا۔ یاد رہے کہ صرف دو روز قبل سابق وزیر اعلیٰ جیہ للیتا کو غیر قانونی اثاثہ جات معاملہ میں چار سال کی سزا سنائی گئی ہے ۔ راج بھون میں گورنر کے روشیا نے جس وقت پنیر سیلوم کو حلف دلایا، اس وقت ان کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ گورنر نے نئے وزیر اعلیٰ کی کابینہ کے ارکان کو بھی عہدہ کا حلف دلایا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ صبح سے ہی مشہور اخبارات کے صحافی حلف برداری کی تقریب کے بارے میں استفسار کر رہے تھے لیکن سرکاری عہدیداروں نے انہیں کوئی ٹھوس اطلاع نہیں دی ۔ 63 سالہ پنیر سیلوم جو اے آئی اے ڈی ایم کے کے خازن ہیں، کو اتفاق رائے سے پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔