پنکجہ منڈے کے خلاف ثبوت پیش کرنے اپوزیشن کو چیلنج

ممبئی ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج کہا کہ وہ ریاستی وزیر پنکجہ منڈے کے خلاف رشوت ستانی الزامات کی تحقیقات کا حکم دینے تیار ہے۔ اگر اپوزیشن کی جانب سے ثبوت پیش کیا جاتا ہے تو وہ کنٹراکٹرس کو دیئے گئے ایوارڈس کے سلسلہ میں پنکجہ منڈے کے خلاف تحقیقات کا حکم دیں گے۔ اگر کانگریس اور این سی پی نے ثبوت پیش کئے تو کسی بھی قسم کی تحقیقات کی جائے گی۔ پنکجہ منڈے بی جے پی کے مرحوم لیڈر گوپی ناتھ منڈے کی دختر ہیں جو مہاراشٹرا کابینہ میں بہبود اطفال و خواتین محکمہ کی انچارج ہیں۔ ان پر 206 کروڑ روپئے کے گھوٹالے کا الزام ہے۔

سرینگر میں پاکستانی اور آئی ایس آئی
کے پرچم لہرانے سے تصادم
سرینگر ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) سرینگر میں آج موافق علحدگی پسند احتجاجوں اور سیکوریٹی فورسیس کے درمیان تصادم ہوا۔ کشمیر میں پاکستان اور آئی ایس آئی کے پرچم لہرانے کے بعد یہاں پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ نماز جمعہ کے فوری بعد جامع مسجد کے باہر نوجوانوں کی کثیر تعداد جمع ہوگئی اور موافق پاکستان موافق آزادی نعرے لگائے گئے۔ یہ نوجوان نوہٹاچوک کی جانب جانے کی کوشش کررہے تھے۔ پولیس نے انہیں روکا۔ اس علاقہ میں تعینات سیکوریٹی فورس نے نوجوانوں کو منتشر ہونے کی ہدایت دی لیکن انہوں نے سنگباری کی۔ اس کے بعد دونوں جانب تصادم ہوا۔