نئی دہلی۔28جون (سیاست ڈاٹ کام)پنچایت راج، دیہی ترقی اور پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے مرکزی وزیر جناب نریندرسنگھ تومر نے کہا ہے کہ پنچایتیں، وزیراعظم نریندر مودی کی فعال قیادت میں کافی اچھی کارکردگی پیش کررہی ہیں، انہوں نے پنچایتوں کے ذریعہ تربیت کے معیار اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگرکیا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ دیہی ترقی اور پنچایت راج کے قومی ادارے اور دیہی ترقی کے ریاستی اداروں کو پنچایتوں کے منتخبہ نمائندوں اور عہدے داروں کو معیاری تربیت دینے کیلئے دیگر اداروں کے ساتھ تال میل رکھیں۔ وہ بھوپال میں پنچایتی راج کے ریاستی وزیروں کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔مسٹر تومر نے کہا کہ پچھلے پانچ سال میں گرام پنچایتوں کو تقریباً 2,00,292 کروڑ روپئے کی خطیر رقم دی جاچکی ہے ۔ یہ رقم انہیں چودھویں مالی کمیشن ایف ایف سی کی سفارش پر دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں صفائی ستھرائی، شہری سہولیات وغیرہ کے میدانوں میں پنچایتوں کے ذریعہ سرکاری اخراجات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے عوام کی شرکت کی اہمیت کی طرف اشارہ کیا اور مشورہ دیا کہ پنچایتوں کو ، غریبی اور سماجی مسائل دور کرنے اور کمزور طبقوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں سرگرم رول ادا کرنا چاہئے ۔