حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( راست ) : ہر سال سرکاری وظیفہ یابوں کو ماہ نومبر تا ماہ مارچ جملہ پانچ مہینوں کے درمیان اپنی تصدیق حیات کے سلسلے میں مقررہ فارم اپنے اپنے پنشن پے منٹ آفسوں میں داخل کرناہوتا ہے ۔ مقررہ فارم داخل نہ کرنے کی صورت میں پنشن کی اجرائی روک دی جاتی ہے چنانچہ اس سال ہزاروں وظیفہ یابوں کے وظائف روک دئیے گئے ۔ اس سلسلے میں پنشنرس سماج کا ایک وفد جو جی ست نارائن صدر سماج ، خواجہ منتخب الدین اور سید نور الانبیاء حسینی پر مشتمل تھا پنشن پے منٹ آفیسر سے ملاقات کیا اور ہزاروں کی تعداد میں وظائف روکدینے کی وجہ دریافت کیا ۔ موصوف نے کہا کہ اس مرتبہ بعض بینکوں نے وظائف تقسیم نہیں کئے کیوں کہ ان کے اکاونٹس نمبرات کو یکایک تبدیل کردیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ بہت سارے وظیفہ یاب تصدیق حیات کا فارم داخل نہیں کیے جس کی وجہ سے گڑبڑ ہوگئی اب سب وظیفہ یابوں کو ان کے وظائف بھیج دئیے گئے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومت تلنگانہ نے اپنے وظیفہ یابوں کو پی آر سی کی رپورٹ کی وصولی کے بعد جاری کردہ جی او نمبر 33 مورخہ 7 اپریل 2015 کے فوائد یکم جون 2015 کو ماہ مئی کی پنشن کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔۔