پنجاب میں 60 مریض آنکھوں کا آپریشن کرانے کے بعد بینائی سے محروم

امرتسر ۔ /4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آنکھوں کے کیمپ سے استفادہ کرنے والے تقریباً 80 افر اد آپریشن کے بعد بصارت سے محروم ہوگئے ۔ ضلع گرداس پور میں ایک این جی او نے یہ کیمپ منعقد کیا تھا ۔ سیول اور میڈیکل عہدیداروں نے بتایا کہ 16 افر اد کا تعلق امرتسر کے دیہاتوں اور مابقی کا ضلع گرداس پور سے ہے ۔ تمام کو ای این ٹی ہاسپٹلس میں شریک کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر امرتسر روی بھگت نے اس واقعہ کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان تمام کی بینائی مستقل طور پر چلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کیمپ میں کن ڈاکٹرس نے یہ آپریشنس کئے ۔ اس واقعہ کا اس وقت پتہ چلا جب امرتسر سے تعلق رکھنے والے تمام 16 مریض ڈپٹی کمشنر سے رجوع ہوئے اور این جی او اور متعلقہ ڈاکٹرس کے خلاف شکایت درج کرائی۔ سیول سرجن امرتسر راجیو بھلا نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرداس پور کے گھمن گاؤں دیہات میں تقریباً 10 دن قبل آنکھوں کا کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس میں ان تمام کا آپریشن کیا گیا ۔ یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا جبکہ چند دن قبل چھتیس گڑھ کے بلاسپور ضلع میں حکومت کے نس بندی آپریشن کیمپ میں 11 خواتین کی موت ہوگئی تھی اور 34 کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے ۔