پلے بیک سنگر محمد عزیز کا انتقال

ممبئی ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گلوکار محمد عزیز جو کئی مقبول عام نغموں جیسے ’’مائی نیم از لکھن‘‘ ، ’’آپ کے آجانے سے‘‘ اور ’’دل لے گئی تیری بندیا‘‘ کی آواز بنی، ان کا آج 64 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ یہاں ناناوتی ہاسپٹل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ محمد عزیز کو مردہ حالت میں سہ پہر تقریباً 3 بجے ہاسپٹل لایا گیا جہاں سے ان کے جسد خاکی کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ وہ حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے۔ انہوں نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ بنگالی اور اڈیہ فلمی صنعتوں میں زائد از 20 ہزار نغمیں گائے۔ وہ صوفی گیتوں کیلئے بھی مقبول ہوئے۔ انہوں نے بالی ووڈ میں سوپر اسٹار امیتابھ بچن کے علاوہ گویندا ، رشی کپور ، متھن چکرورتی اور کئی دیگر اسٹارس کیلئے پلے بیک گیت گائے۔ وہ زائد از تین دہے تک مشہور موسیقاروں کے ساتھ کام کئے۔