سری نگر، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گزشتہ شب ایک کار میں سوار تین افراد اس وقت زخمی ہوئے جب فوجی اہلکاروں نے ان پر ایک چیک پوسٹ پر نہ رکنے پر گولیاں چلائیں۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پلوامہ کے دربگام علاقے میں گزشتہ شب ایک چیک پوسٹ پر تعینات 44 آر آر سے وابستہ فوجی اہکاروں نے ایک کار کو روکنے کی کوشش کی لیکن جب ڈارئیور نے گاڑی نہیں روکی تو فوجی اہکاروں نے گاڑی پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہوئے۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں کی شناخت وقار میر ولد محمد احسان میر، محمد رفیق ڈار ولد عبدالغنی ڈار ساکنان درب گام اور عمر اشرف وانی ولد محمد اشرف وانی ساکن تھارینہ پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وقار میر گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے جبکہ دیگر دو گاڑی کے شیشے ٹوٹنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔ وقار میر کو علاج ومعالجے کے لئے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا دفاعی ترجمان راجیش کالیہ نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔