پلوامہ میں فوجی گاڑی کو نشانہ بناکر آئی ای ڈی دھماکہ اور فائرنگ

سری نگر ، 28اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں منگل کی علی الصبح جنگجوؤں کی طرف سے فوج کی بکتر بند گاڑی کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کی مدد سے اڑانے کی کوشش کی گئی۔ آئی ای ڈی دھماکے کے بعد بکتر بند گاڑی پر فائرنگ بھی کی گئی۔ تاہم فوج کے مطابق دھماکہ اور فائرنگ کے اس واقعہ میں کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا ‘لاسی پورہ پلوامہ کے ناؤ پورہ پائین میں جنگجوؤں نے منگل کی علی الصبح قریب 3 بجکر 15 منٹ پر فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی بکتر بند گاڑی ( کیسپر گاڑی) کو نشانہ بناکر آئی ای ڈی دھماکہ کیا’۔ انہوں نے بتایا ‘جب دھماکے میں فوجی گاڑی کا زیادہ نقصان نہیں ہوا تو جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ کی’۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دھماکے اور فائرنگ میں کوئی فوجی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ ایک رپورٹ میں پولیس ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ فوجی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نہیں بلکہ پٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق حملے میں چند فوجیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ ضلع شوپیان کے سوگن ترکہ وانگام میں رواں برس 28 مئی کو آئی ای ڈی دھماکہ کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔ دھماکہ میں فوج کی کیسپر گاڑی کوشدید نقصان پہنچا تھا۔