پلواما حملہ میں مستعملہ کار کی شناخت ‘ مالک مفرور

نئی دہلی 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) این آئی اے نے آج کہا کہ پلواما دہشت گرد حملہ میں سی آر پی ایف قافلہ کو نشانہ بنانے ایک ماروتی ایکو منی ویان استعمال کی گئی تھی اوراسے حملہ سے صرف 10 دن قبل جئیش محمد کے ایک کارکن نے خریدا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر میں بج بیہارا کے ساکن جئیش کے کارکن کی سجاد بھٹ کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور وہ فرار ہے ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ اب وہ ایک سرگرم دہشت گرد بن چکا ہے ۔ این آئی اے کے ایک ترجمان نے یہ بات کہی ۔ ترجمان نے ان معلومات کو این آئی اے کی تحقیقات میں اہم کامیابی قرار دیا ہے ۔ این آئی اے کے حکام نے دھماکہ کے مقام سے دستیاب اس منی ویان کے پرزوں کو مجتمع کرتے ہوئے فارنسک اور آٹو موبائیل ماہرین کی مدد سے اس گاڑی کی ماروتی ایکو کی حیثیت سے شناخت کی ہے ۔ یہ گاڑی 2011 میں فروخت کی گئی تھی اور سات مالکین سے ہوتی ہوئی سجاد بھٹ تک پہونچی تھی ۔